پاکستان میں امریکہ کے سابق سفیر کیمرون منٹر نے اپنے تازہ آرٹیکل میں اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پہلے کی طرح مستحکم ہو سکتے ہیں۔ باراک اوباما اپنی ایک ٹرم مکمل اور دوسری شروع کر چکے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی ایک جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے۔ کیمرون منٹر نے پاکستانی سیاست دانوں کی نااہلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیری لوگر بل اور دیگر امدادی پیکیجز کے باوجود حکومت کی کارکردگی نے امریکی حکام سمیت پاکستانی عوام کو بھی شدید مایوس کیا ہے۔ اب پاکستان اور امریکہ کی فوجی اور سویلین قیادتوںکو مل بیٹھ کر نہ صرف پاکستان‘ بلکہ پورے اس خطے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اقدامات کرنا چاہئیں ۔ کیمرون منٹر نہایت مشکل وقت پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر رہے اور امریکی قیادت کی پالیسیوں سے مبینہ اختلافات کی بناءپر ایک سال بعد ہی مستعفی ہو گئے۔ ان کا یہ اندازہ درست ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام کیلئے موثر کردار ادا کر سکتا ہے اور یہ بھی بجا ہے کہ امریکہ کیساتھ تعلقات کے علاوہ اندرونی معاملات پر قابو پانے میں ناکام پاکستانی حکومت سے عوام نالاں ہیں‘ عام انتخابات چند مہینوں میں متوقع ہیں‘ نئی حکومت سے ہی اب امید رکھی جا سکتی ہے کہ جیسا کیمرون منٹر نے لکھا‘ وہ اپنی اہلیت ثابت کرینگے اور خارجی معاملات سمیت اندرونی بدنظمی اور انتشار کے شکار پاکستان کو سنبھالا دینگے۔
Leave a Reply
You must be logged in to post a comment.