وزیراعظم نواز شریف سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان نے امریکی ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا ہے۔
امریکہ دہشت گردوں کی آڑ میں پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری پر ڈرون حملے کر رہا ہے۔ ان حملوں میں اب تک سینکڑوںبے گناہ افراد مارے جا چکے ہیں جس کا امریکہ خود بھی اعتراف کر چکا ہے۔ امریکہ اگر ان شدت پسندوں کی موجودگی بارے حکومت پاکستان کو مطلع کرے تو پاکستان انکے خلاف کارروائی کرنے پر تیار ہے کیونکہ پاک فوج اس سے قبل بھی فرنٹ لائن اتحادی کے طور پر دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اس جنگ میں ہم نے 45 ہزار افراد کی قربانی دی جبکہ 70 ارب سے زائد کا مالی نقصان اٹھا چکے ہیں۔ اب امریکہ کو ہماری سلامتی کا بھی کچھ خیال رکھنا چاہئے۔ ڈرون حملوں سے ہمارے ملک میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس کا خمیازہ خودکش حملوں اور بم دھماکوں کی شکل میں ہمیں بھگتنا پڑتا ہے اور مستقبل کے باہمی تعلقات کیلئے غلط مثال قائم کی جا رہی ہے۔ امریکہ ہماری سلامتی اور خود مختاری کا خیال رکھے اور ڈرون حملوں کو فی الفور بند کرے کیونکہ ان سے ملک میں انارکی پھیل رہی ہے۔ وزیراعظم کا امریکی سفیر سے مطالبہ عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ امید ہے امریکہ اس پر سنجیدگی سے غور کریگا اور پاکستان بھی اس موقف پر سختی کے ساتھ قائم رہے گا۔
Leave a Reply
You must be logged in to post a comment.