امریکہ پاکستان سے بھی سویلین ایٹمی معاہدہ کرے
گزشتہ روز ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلائو اور ہتھیاروں پر کنٹرول سے متعلق بین الاقوامی سیمینار میں امریکہ اور برطانیہ کے ماہرین نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے پاکستان کیخلاف ایک چارج شیٹ پڑھ ڈالی۔ سیمینار میں امریکہ کے سابق نائب وزیر دفاع برائے ایشیا پیسفک نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بھی سویلین ایٹمی سمجھوتہ کر سکتا ہے لیکن اس کیلئے پاکستان کو شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
پاکستان امریکہ کا اتحادی ہے۔ امریکی جنگ میں ہم نے جانی قربانیاں پیش کی ہیںجس میں پانچ ہزار سے زائد فوجی افسر اور سیکورٹی فورسز کے جوان شامل ہیں لیکن اسکے باوجود امریکہ نے پاکستان کو چھوڑ کر بھارت کے ساتھ سول ایٹمی معاہدہ کر رکھا ہے۔ رہی بات شرائط پوری کرنے کی تو پاکستان ان شرائط پر پورا اترتا ہے۔ پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی کسی دوسرے ملک کو منتقل کر رہا ہے نہ ہی عسکریت پسندوں کو بطور ڈھال پیش کر کے اپنے مقاصد پورے کرتا ہے۔
اس وقت پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بھی سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون ہو رہا ہے۔ امریکہ بھی پاکستان کے ساتھ سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا معاہدہ کرے تاکہ پاکستان اپنی ضرورت پوری کر سکے۔ امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانیوالی ایٹمی ٹیکنالوجی کو پاکستان بھی سویلین مقاصد کیلئے استعمال کریگا۔ لہٰذا امریکہ اپنی شرائط کو سامنے رکھ کر پاکستان سے بھی معاہدہ کرے۔
Leave a Reply
You must be logged in to post a comment.